نئی دہلی، 16؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )نیپال کے سیاسی تبدیلی سے گزرنے کے درمیان ہندوستان نے وہاں تمام طبقات کی خواہشات کو شامل کرکے ملک کے آئین کے نفاذ کی آج وکالت کی اور اس ہمالیائی ملک میں چین کی طرف سے اپنے پیر جمانے کی کوشش کے درمیان اس نے اس کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے نیپالی ہم منصب پرچنڈ کے ساتھ اہم اور نتیجہ خیز بات چیت کی جس کے بعد دونوں فریقوں نے تین معاہدوں پر دستخط کئے۔ان میں سے ایک کے تحت ہندوستان نیپال کوشدید زلزلہ کے بعد کی تعمیر نو کے لیے 15کروڑ ڈالر دے گا۔دوسری بار وزیر اعظم بننے کے بعدپرچنڈ کا یہ پہلا ہندوستانی دورہ ہے۔کے پی شرما اولی نے نئے آئین کے خلاف مدھیسیوں کی مخالفت کی وجہ سے پیداہوئے تازہ سیاسی بحران کی وجہ سے جولائی میں وزیر اعظم کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔دونوں ممالک نے دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں بھی تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے بعد مودی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کو امید ہے کہ نیپال اپنے متنوع سماج کے تمام طبقات کی خواہشات کو شامل کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے آئین کو نافذ کرنے میں کامیاب رہے گا۔انہوں نے پرچنڈ کی موجودگی میں کہاکہ انتہائی قریبی پڑوسی اور دوست ملک ہونے کے ناطے نیپال کے امن، استحکام اور خوشحالی ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔اس پر پرچنڈ نے کہا کہ ان کے ملک کے ذہن میں ہندوستان کے تئیں خیر سگالی کے سوا کچھ اور نہیں ہے اور دونوں ممالک کا مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے ۔
مودی نے کہا کہ ہندوستان کو خوشی ہے کہ نیپال کی ترقی کے سفر اور اقتصادی ترقی کے ہر قدم پر وہ اس کا ساتھی رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری دوستی وقت کی کسوٹی پر کھری اتری ہے اور منفرد نوعیت کی ہے۔ہم مشکل کی گھڑی میں اپنا بوجھ بانٹتے ہیں اور ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوشیاں مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریق نے نیپال میں ہندوستان کی طرف سے لاگو کئے جا رہے تمام ترقیاتی منصوبوں پر قریب سے نظر رکھنے اور وقت پر ان کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔موجودہ پن بجلی منصوبوں کے فوری اور کامیاب نفاذکو یقینی بنایا جائے گا۔نیپال میں استحکام لانے کی کوشش کو لے کر پرچنڈ کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں نیپال متنوع معاشرے کے تمام طبقات کی خواہشات کو شامل کرکے جامع مذاکرات کے ذریعے آئین کو نافذ کرنے میں کامیاب رہے گا۔انہوں نے کہاکہ میں نے پرچنڈ سے کہا ہے کہ ہندوستان نیپال کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔ہم نیپالی عوام اور حکومت کی ترجیحات کے حساب سے کام کریں گے۔نیپال کی سیاسی تبدیلیوں کے بارے میں پرچنڈ نے کہا کہ ان کی حکومت آئین کی دفعات کو نافذ کرنے میں تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی ایماندار انہ کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں مودی جی کی باتوں سے اتفاق رکھتا ہوں کہ مقبول منتخب آئین ساز اسمبلی کی طرف سے گزشتہ سال بنائے گئے آئین نیپال کی عوام کے لیے تاریخی کامیابی ہے۔آپ واقف ہیں کہ ہم آئین کو نافذ کرنے کے مرحلے میں ہیں اور میری حکومت نے ہر ایک کو ساتھ لینے کی سنجیدہ کوشش کی ہے۔